ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / انکولہ میں دوکاروں کی ٹکر : ایک کار ڈرائیور ہلاک

انکولہ میں دوکاروں کی ٹکر : ایک کار ڈرائیور ہلاک

Sat, 03 Apr 2021 18:42:57    S.O. News Service

انکولہ:3؍ اپریل(ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے ہیبُّولی  قومی شاہراہ 63پر سنیچر کی دوپہر دو کاروں کے درمیان ہوئی ٹکر  میں ایک کا رڈرائیور ہلاک ہو گیا جبکہ نو مسافر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک کار دھرمستھل سے دھارواڑ جارہی تھی جبکہ دوسری کار بیلگام سےیلاپور ہوتے ہوئے گوکرن جارہی تھی۔

مہلوک کارڈرائیور کی شناخت باگلکوٹ ضلع جمکھنڈی کے مہادیو ہوسمنی (27)  کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ کے شعبہ انگریزی میں ریسرچ اسکالر تھے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بیلگام اور باگلکوٹ کے الگ الگ  کالجوں میں زیر تعلیم 4دوست دھرمستھل کی سیاحت کرنے کے بعد دھارواڑ  واپس لوٹ رہے تھے۔جبکہ اُدھر  بیلگام ضلع خانہ  پور تعلقہ جامبوٹی کا  ایک خاندان کار کے ذریعے یلاپور سے ہوتے ہوئے گوکرن کی طرف روانہ تھا۔ ہیبولی کراس پر دونوں کاروں کی آمنے سامنے سے  ٹکر ہوگئی۔ دونوں کاروں کے 9مسافروں کو چوٹیں آئی ہیں۔ جامبوٹی خاندان کی کار میں ایک نوزائیدہ بچہ اور دو عورتیں تھیں۔ ماں کے سرپر چوٹ لگنے سے شہر کے پرائیویٹ اسپتال میں انہیں داخل کیاگیا ہے ، اسی ماں کی گود میں موجود بچہ کو کوئی زخم نہیں لگاہے۔ زخمی شدہ مسافر تعلقہ کے اسپتال میں  زیر علاج ہیں۔

مسافر نوجوان کی انسانیت: جس مقام پر حادثہ ہواتھا وہاں موبائیل نیٹ ورک نہ ہونےکی وجہ سے فوری طورپر ایمبولنس کو بلانے میں دقت ہورہی تھی ، حادثے میں صحیح سلامت  محفوظ  نوجوانوں نے  شاہراہ کنارے کھڑے ہوکر تعاون کےلئے تین چار سواریوں کو اشارے سے روکنےکی کوشش کی، لیکن کوئی بھی مدد کے لئے نہیں  رُکا  ۔ اسی دوران آندھرا پردیش کرنول کا نوجوان روی پرکاش اپنی بائک کے ذریعے پونا سے گوکرن جارہاتھا۔ جب ا س سے تعاون کی اپیل کی گئی تو وہ نوجوان فوراً تیار ہوا اور زخمی کارڈرائیور مہادیو ہوسمنی کو بچانے کےلئے اپنی بائک پر ایک اور نوجوان کو لےکر 45کلومیٹر دور شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا۔

سی پی آئی کرشنانند نایک اور عملے نے جائے وقوع کا معائنہ کرنےکے بعد کیس داخل کرلیاہے اور جانچ جاری ہے۔


Share: